دھرمشالہ، 12؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہماچل پردیش میں کانگڑا ضلع کے دھرمشالہ اور بالائی علاقوں میں بادل پھٹنے سے مانجھی نشیبی علاقے میں آئی زبردست تباہی سے بھاگسوناگ سمیت کئی نشیبی علاقوں میں بڑی تباہی ہوئی ہے۔ سیلاب کے سبب نشیبی علاقے اور نالوں میں طغیانی آگئی ہے اور اس کے کنارے تعمیر متعدد مکان، جھگی جھونپڑیاں اور سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں پانی میں بہہ جانے سے کئی پلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ وہیں سڑکوں پر کئی مقامات پر تودے گرنے سے گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے، جنہیں متبادل راستوں پر روانہ کیا جارہا ہے۔ قدرت کے اس قہر سے ندی نالوں کے آس پاس تباہی کا منظر دکھائی دے رہا ہے۔ کسی دیگر آفت کے خدشے سے لوگوں میں زبردست خوف ہے۔
دھرمشالہ میں قدرت کے قہر کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے فکر کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’زبردست بارش کے سبب ہماچل پردیش کی حالت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ افسران ریاستی حکومت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ہر ممکن مدد دی جا رہی ہے۔ میں متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی سیکورٹی کے لیے دعا کرتا ہوں۔‘‘
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں بادل پھٹنے کے واقعہ کے بعد عوام کو ہو رہی تکلیف پر اپنے غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اس تعلق سے کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہماری دعائیں ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کی عوام کے ساتھ ہیں۔ میں کانگریس کارکنان سے گزارش کرتا ہوں کہ سبھی متاثرہ علاقوں میں مدد کا ہاتھ بڑھائیں۔ برائے کرم محفوظ رہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ہماچل پردیش کے بیشتر علاقوں بشمول ضلع کے بالائی اضلاع میں کل شام سے موسلا دھار بارش ہورہی ہے ، جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی ہے۔ بارش اور سیلاب کی وجہ سے دھرم شالہ میں سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دھرم شالہ میں 185 ملی میٹر ، پالم پور میں 155 ملی میٹر ، بیج ناتھ اور مالا میں 105 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ منڈی-پٹھان کوٹ شاہراہ پر راجول میں گج کھائی پر تعمیر پل کو ہوئے نقصان سے گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے اور پولیس فورس کو تعینات کردیا گیا ہے۔ شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ ڈرائیور متبادل راستوں پر چل رہے ہیں لیکن لنک روڈوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک متاثر ہوا ہے۔ بنوئی کے قریب بھی گج کی کھائی میں زبردست تباہی ہوئی۔ یہاں بھی گھروں میں پانی داخل ہوا اور کئی گھر سڑکوں پر بہتا ہوا نظر آ رہا ہے۔
فیروز پور ڈویژنل ریلوے انجینئر ونود کمار کے مطابق ، بھاری بارش کی وجہ سے جوالا مکھی روڈ ریلوے اسٹیشن ، کوپڑلا ہڑ ریلوے اسٹیشن اور کانگڑا ریلوے اسٹیشن کے درمیان کم از کم آٹھ مقامات پر تودے گرنے سے ریلوے لائن کو نقصان پہنچا ہے اور بارش رکنے کے بعد ہی اس کی مرمت ہوپائے گی اور اسے بحال کرنے میں دو تین دن لگ سکتے ہیں۔
دوسری جانب قبائلی ضلع لاہول-اسپیتی کے کمشنر نیرج کمار نے ریاست میں سرگرم مانسون اور موسلا دھار بارش سے قومی شاہراہ نمبر تین ، منالی- لیہہ قومی شاہراہ پر پاگل نالہ ، تلنگانہ نالہ ، بھرت پور نالہ میں پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان شاہراہوں پر سفر کرنے سے پرہیز کریں۔ انہوں نے ہنگامی صورتحال اور سڑک کی صورتحال کے بارے میں معلومات کے لئے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر کنٹرول روم کے فون نمبر 94594-61355 پر رابطہ کرنے اور لوگوں کو شدید بارشوں کے سبب تودے گرنے وغیرہ کے خدشے کے پیش نظر غیر ضروری طور پر اپنے گھروں کو نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔